اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت ملک اور عوام کے مفاد میں کالعدم جماعت کے معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے، ریاست کا کردار ماں کی طرح ہوتا ہے، مظاہرین بھی اسی ملک میں رہتے ہیں اسلئے حکومت ان کے خلاف سختی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی لیکن اگر کسی نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے علمائے کرام کو ملک کی مشکلات کے بارے آگاہ کیا اور انہیں معاملے کو حل کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا کہا، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ بامقصد اور سنجیدہ مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ کالعدم جماعت کے ساتھ معاملات جلد از جلد حل ہوں۔ نورالحق قادری نے کہا کہ جی ٹی روڈ پورے ملک کی سڑکوں کی شہ رگ ہے، اس کے بند ہونے سے معاشی سرگرمیاں اور روزمرہ معاملات زندگی بری طرح متاثر ہیں اسلئے اس مسئلے کا جلد حل نکلنا ضروری ہے تاکہ لوگوں کے معمولات زندگی بحال ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، ملک اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اسلئے ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے عشق رسول کے فروغ اور رحمتہ للعالمین اتھارٹی کا قیام کے حوالے سے اقدامات اور عالمی سطح پر جس طرح سے انہوں نے اسلامو فوبیا اور ناموس رسالت کے حوالے سے ببانگ دہل موقف پیش کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مظاہرین بتدریج اپنے مطالبات بدل رہے ہیں، اگر ان کا کوئی جائز اور قانونی مطالبہ ہے تو سامنے لائیں تاکہ مذاکرات کے عمل کو حتمی شکل دی جا سکے، مظاہرین کے ہی مطالبے پر حکومت نے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے حوالے سے اسمبلی میں قرارداد پیش کر دی تھی۔