حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو سہل بنانے کے لئے ممکنہ کوششیں کررہی ہے ،مشیرخزانہ شوکت ترین کا نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

106

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیربرائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو سہل بنانے کے لئے ممکنہ کوششیں کررہی ہے ، مشیر خزانہ نے فلور ملوں کو یومیہ بنیاد پر گندم کی ریلیزاور سرکاری قیمت کو یقینی بنانے اور گھی و خوردنی تیل کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں وفاقی وزیر سید فخر امام ، وزیر مملکت فرخ حبیب ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری صنعت وپیداوار ، سیکرٹر ی قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، ایڈیشنل سیکرٹری تجارت ، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان ، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز ، کمشنر اسلام آباد ، صوبائی چیف سیکرٹریز ، ادارہ شماریات کے چیف سٹیٹیشن اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کے رحجان کا جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.67فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتے کے دوران 8اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23کی قیمتوں میں استحکام رہا ، ٹماٹر ، پیاز ، آلو ، چکن اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پنجاب ،خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری میں 20کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100روپے کی سطح پر برقرار رہی ، چاروں صوبوں کی جانب سے گندم کی یومیہ ریلیز سے قومی سطح پر صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اسی کے مطابق گندم ریلیز کی جارہی ہے ۔

مشیر خزانہ نے حکومت پنجاب ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ فلور ملوں کو یومیہ بنیاد پر گندم کی ریلیزاور سرکاری قیمت کو یقینی بنایا جائے ۔چینی کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے نتیجے میں چینی کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے ، نئی پیداوار مارکیٹ میں آنے سے قیمتوں میں مزید کمی آئے گی ۔

مشیر خزانہ نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اجلاس میں خوردنی تیل کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا ، کمیٹی نے یہ بات نوٹ کی کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مقامی مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ وزیر اعظم کے مشیر نے وزارت صنعت و پیداوار کو خوردنی تیل کی قیمتوں پر قابو رکھنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ملک میں خوردنی تیل کے سٹرٹیجک ذخائر کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

اجلاس میں ملک میں دالوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ، اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں جاری مالی سال میں دال مونگ کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ، مشیر خزانہ نے دالوں کی پیداوار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس کے نتیجے میں درآمدی بل میں کمی آئے گی ۔ اجلاس میں ملک میں کھاد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ، اجلاس کو بتایا گیا کہ موثر انتظامی اقدامات کے نتیجے میں کھادوں کی قیمت میں کمی آرہی ہے ، اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سستا اور سہولت بازاروں میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں ۔

مشیر خزانہ نے پنجاب ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی اور کہاکہ انتظامیہ کی کوششوں سے سستا بازاروں میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر اشیاء خوردونوش فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے ملک کے باقی شہروں میں بھی سہولت بازاروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔ مشیر خزانہ نے کہاکہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو سہل بنانے کے لئے ممکنہ کوششیں کررہی ہے ۔