حکومت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قلت کے مکمل خاتمے کیلئے پہلے سے ہی ٹھوس اقدامات اٹھا چکی ہے، وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر

41

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر سے لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قلت کے مکمل خاتمے کیلئے پہلے سے ہی ٹھوس اور جامع اقدامات اٹھا چکی ہے، گرمی کی لہر میں صارفین کو ریلیف مہیا کرنے اور شارٹ فال سے نمٹنے کیلئے قومی گرڈاسٹیشن میں اضافی بجلی جمع کی جا رہی ہے جس کے بعد ملک کے کسی بھی علاقے میں طویل لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت نے بجلی کی ٹرانسمیشن پر توجہ نہیں دی اور نہ ہی کوئی کام کیا جس کی وجہ سے ملک کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم موجودہ حکومت نے ابتدائی تین سالوں کے دوران ٹرانسمیشن نظام پر تقریباً 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور 4 ہزار میگا واٹ بجلی کی صلاحیت بڑھائی گئی ہے، بجٹ 2021-22ءمیں بھی ٹرانسمیشن نظام پر سرمایہ کاری کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ رواں سال بجلی کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی، اگر ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کریں گے تو گردشی قرضے میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آر ایل این جی کے دو پلانٹسکی نجکاری پر کام کر رہی ہے اور رواں سال سٹیل مل کی بڈنگ بھی متوقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو سہولت دینے کیلئے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت کی جامع معاشی پالیسیوں کی بدولت کورونا کے چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت بہتر اور مستحکم ہوئی ہے۔