
راولپنڈی ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تما م تر اقدامات اٹھا رہی ہے، خواتین انٹر پرینیورز کی معشیت میں شیئر کو بڑھا کر ملکی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں دوسری آل پاکستان ویمن چیمبر صدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار سے منسلک خواتین کی سہولت کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکیں اور ملکی برآمدات بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں ایکسپو سنٹر کے قیام کا مطالبہ جائز ہے اور اس سلسلے میں میری وزارت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت فیصل آباد،کراچی، ملتان میں بھی ایکسپو سنٹر قائم کیے جائیں گے۔ مشیر تجارت نے خواتین انٹر پرینیورز کو آگے لانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ویمن چیمبرز کی رجسٹریشن، ای ڈی ایف فنڈ اور بیرون ملک کمرشل قونصلرز کی تعنیاتی کے لیے چیمبرز آف کامرس کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ قبل ازیں صدر راولپنڈی چیمبر ملک شاہد سلیم نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں بتایا کہ دو روزہ سمٹ میں پاکستان بھر سے پندرہ سے زائد ویمن چیمبرز کی صدور اور نمائندہ شخصیات نے شرکت کی، راولپنڈی چیمبر کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس نے پہلی بار تمام ویمن چیمبرز کو اکھٹا کرکے انہیں ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد ویمن انٹر پرینیورز کو درپیش مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے کوششیںتیز کرنا ہے تاکہ وہ ملکی معشیت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔