28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومکھیل کی خبریںحکومت ملک میں والی بال کے کھیل کی ترقی کے لئے ترجیحی...

حکومت ملک میں والی بال کے کھیل کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، قومی کوچ لائق خان

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) قومی والی بال کوچ لائق خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں والی بال کے کھیل کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں والی بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساﺅتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنا خوش آئند بات ہے اس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوگی اور کھلاڑیوں آئندہ بھی بڑے شوق سے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے گذشتہ برس نیپال میں کھیلی گئی ساﺅتھ ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب ملک میں والی بال کے فروغ کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے لائیق خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان والی فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرے تاکہ کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ایونٹس میں شرکت کر کے ملک کا نام روشن کرسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن جو آج کل نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔ کورونا وائرس کی وبائ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کو کورونا وائرس کی وباءسے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے، گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=199472

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں