حکومت ملک میں ٹیکس کلچرکوفروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے، ملک میں معاشی ترقی اورغربت کاخاتمہ تب ممکن ہوگا جب قومی خزانہ میں پیسے آئیں گے، وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کا ایف بی آرہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب

107

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں بہتری لارہی ہے، آمدنی اورکھپت کے علاوہ دیگرتمام ٹیکس ختم کئے جانے چاہئیں،حکومت ملک میں ٹیکس کلچرکوفروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے، ملک میں معاشی ترقی اورغربت کاخاتمہ تب ممکن ہوگا جب قومی خزانہ میں پیسے آئیں گے۔

منگل کویہاں ایف بی آرہیڈکوارٹرزمیں پوائنٹ آف سیل نظام کے تحت رجسٹرڈ ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والے صارفین کیلئے انعامی سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک میں ٹیکس کے کلچرکے فروغ کیلئے ہم سب کواپنی ذمہ داریاں اداکرنا ہوگی، ملک کی 22 کروڑآبادی میں صرف 20 لاکھ لوگ ٹیکس ادا کر رہے ہیں جس میں اضافہ ناگزیرہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک میں سالانہ 20 ٹریلین روپے کی سیل ہوتی ہے جبکہ صرف ساڑھے تین ٹریلین کی سیل کی مانیٹرنگ ہوتی ہے۔یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کئی ری ٹیلرزعوام سے سیلزٹیکس تولیتے ہیں لیکن انہیں ایف بی آرمیں جمع نہیں کیاجاتا،اس صورتحال کے تناظرمیں شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ری ٹیلرزکے پاس جائیں جوپکی رسیددے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ٹئیرون میں شامل ری ٹیلرز کو پی اوایس نظام سے منسلک کرنے کیلئے ایف بی آر کی جانب سے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے، دکانداروں کوہراساں ہرگزنہیں کریں گے تاہم ٹیکس چوری پرکارروائی ہوگی، وزیرخزانہ نے کہاکہ پائیداراقتصادی اورمعاشی ترقی کیلئے ٹیکس کی شرح کوجی ڈی پی کے تناسب سے 20 فیصد تک لے جانا ضروری ہے، حکومت اس حوالہ سے اقدامات کررہی ہے۔

حکومت ٹیکس کے نظام میں بہتری لارہی ہے، آمدنی اورکھپت کے علاوہ دیگرتمام ٹیکس ختم کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کیلئے حکومت نے ٹیکس وصولیوں کاہدف 6 ہزارارب روپے مقررکیاہے،حکومت ملک میں ٹیکس کلچرکوفروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے،کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں معاشی ترقی اورغربت کاخاتمہ تب ممکن ہوگا جب قومی خزانہ میں پیسے آئیں گے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ دنیابھرمیں مہنگائی کی لہرجاری ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہواہے، اس وقت عالمی منڈی میں فی بیرل پیٹرول کی قیمت 95 ڈالرتک پہنچ چکی ہے،پاکستان عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والے اضافہ سے متاثرہ ملک ہے تاہم علاقائی ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں پیٹرول سمیت کئی اشیا کی قیمتیں کم ہے۔

اس موقع پرایف بی آر کے زیراہتمام رجسٹرڈ ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والے صارفین کیلئے انعامی سکیم کی دوسری کمپوٹرائزڈقرعہ اندازی ہوئی جس میں 1007 خوش نصیبوں کا قرعہ نکل آیا، ان افراد میں 53 ملین روپے کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔