حکومت ملک میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

126
President Dr. Arif Alvi talking to Chairman, Pakistan Textile Exporters Association (PTEA) Khurram Mukhtar, who along-with a delegation called on him at the Aiwan-e-Sadr, Islamabad on May 15, 2019.

اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک کی اقتصادی ترقی میں نجی شعبہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خرم مختار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس امر کو اجاگر کیا کہ ملک کے سخت اقتصادی حالات مشکل فیصلوں کے متقاضی ہیں تاہم حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد کو کم کر کے تجارتی خسارے میں کمی لانا حکومت کی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کی لاگت میں کمی کے لئے کوشاں ہے اور اس نے ٹیکسٹائل، چمڑے، قالینوں، آلات جراحی اورکھیلوں کے سامان جیسے پانچ اہم برآمدی شعبوں کے لئے ٹیکس زیرو ریٹنگ نظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں تحقیق و ترقی پر سرمایہ کاری اور انسانی وسائل کا فروغ معاشی بحالی کے لئے ضروری ہے جس میں پاکستان کو مسابقانہ برتری حاصل ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری افراد کو اپنے ٹیکسوں کی ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ بجٹ خسارہ کم کیا جا سکے اور ترقیاتی کاموں کے لئے زیادہ فنڈز مختص ہوں۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حاصل ہونے والے فوائد کو تقویت دینے اور شرح نمو کے مواقع تلاش کرنے کے لئے تمام اقتصادی شعبوں کی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔