حکومت ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کررہی ہے تاکہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو فراہم کر دہ سہولیات کو بین الاقوامی معیارات کے ہم پلہ بنایا جا سکے، خواجہ سعد رفیق

101

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو فراہم کر دہ جدید سہولیات کو بین الاقوامی معیارات کے ہم پلہ بنایا جا سکے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر ہوابازی جن کے پاس وزارت ریلویز کا قلمدان بھی ہے نے کہا کہ ہم ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات فراہم کریں گے اور محکمہ کو خود کفالت کی طرف لے جانے کے مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ آمدنی کے مواقع پیدا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ حکومت ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی چیک اپ گریڈ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)کی خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات عالمی معیارات کے مطابق فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں واقع پی آئی اے کے معروف روزویلٹ ہوٹل کو تین سال کے لیے چلانے کے لیے نیویارک سٹی حکومت کے ساتھ لیز کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت تین بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے جس کا ہر گز مطلب نجکاری نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ کے حوالے سے عالمی بینک کی ایک معتبر کمپنی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں کیونکہ کسی پاکستانی فرم کو اس حوالے سے تجربہ نہیں۔

وفاقی وزیر ہوابازی نے کہا کہ ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن کا کام پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی زیر تعمیر ہے اور جلد آپریشنل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئٹہ ایئرپورٹ نے حج کے لیے مکہ مکرمہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی ہیں جس سے مسافروں کو کراچی یا دیگر شہروں سے روانگی سے نجات ملے گی ۔