حکومت ملک کے متوسط طبقے کی خوشحالی کے لیے قائم اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، علی امین خان گنڈاپور

76

اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت متوسط طبقے کی خوشحالی کے لیے قائم اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ان اداروں سے ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درجنوں ایسے با اعتماد ادارے ہیں جو یتیم ، مساکین اور متوسط طبقے کی کفالت اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں اور حکومت ان تمام اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت کے حوالے سے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا ایک امتیازی مقام ہے اور اس ادارے کا میرپور میں قائم ٹرسٹ ایک سٹیٹ آف آرٹ درجے کا ادارہ ہے جہاں یتیم بچوں کی انتہائی اعلی اور موزوں ماحول میں پرورش کر کے ان کو آزاد کشمیر اور پاکستان کا مفید شہری بنایا جا رہا ہے ، انہوں نے ٹرسٹ کے عہداران کی حوصلہ افزائی کرتےہوئےکہا کہ انہیں اس نیک کام کو گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر حصوں تک پھلانا چائیے اور اس ضمن میں حکومت ان کو تمام تر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں متوسط طبقے کی دیکھ بھال کے حوالے سے ایک خاص وڑن رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ ، احساس پروگرام اور نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام سمیت تمام منصوبوں میں ملک کے متوسط طبقے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے دلی احساس کی کھلی عکاسی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ کورانا وائرس وبا کے پھلاو کو کنٹرول کرنے کے ضمن میں بھی سخت لاک ڈاون کی مخالفت کے پیچھے وزیر اعظم کے دل میں پاکستان کے اس نادار طبقے کا احساس ہی تھا جو سخت لاک ڈاون کے نتیجے میں انہیں غربت کی ایک گہری دلدل میں دھکیل سکتا تھا – انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دنیا میں خیرات دینے والے ممالک کی لسٹ میں ایک امتیازی مقام رکھتے ہیں جس کے درست استعمال سے پاکستان میں غربت جیسے اہم مسلے سے احسن انداز سے نبردآزما ہوا جا سکتا ہے ، انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی -اس موقع پر کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ کے سربراہ چودہری محمد اختر نے ٹرسٹ کی خدمات اور آئندہ کے منصبوں سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا ۔