حکومت موٹرویز پر سفر کرنے والوں کو درپیش ہر قسم کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود

125
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود اور ڈی جی پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر کی ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین سے ملاقات

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہاکہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، ٹریفک رواں دواں رکھنے اور موٹرویز پر سفر کرنے والوں کو درپیش ہر قسم کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں، ملک بھر میں تمام موٹرویز پر ٹریفک بلا رکاوٹ رواں دواں رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےچیئرمین این ایچ اے اور متعلقہ حکام کے ہمراہ ہکلہ موٹروےکے ہنگامی دورہ کے موقع پر کیا۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق ہکلہ ٹول پلازہ پر ٹریفک کے رش پر قابو پانے کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے فوری نوٹس پر وزارت مواصلات متحرک ہوگئی اور دو دن کے اندر محصولات کی وصولی کیلئے قائم بوتھس میں اضافہ کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا و دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ ہکلہ موٹروے کا ہنگامی دورہ کیا۔وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق دو دن کے قلیل عرصہ میں محصولات وصولی کیلئے قائم بوتھس میں مناسب اضافہ پر این ایچ اے اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد۔پشاور موٹروے(M-1) سے متصل ہکلہ موٹروے کے ٹول پلازہ پر ٹریفک کے حد درجہ رش پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محصولات کی وصولی کیلئے یہاں قائم بوتھس میں مناسب اضافہ کی ہدایات جاری کی تھیں ۔

این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ حکام نے دو دن کے قلیل عرصہ میں محصولات بوتھس کی تعداد بڑھادی،جس سے ٹریفک کے رش میں خاصی کمی واقع ہوئی۔اس حوالہ سے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر)محمد خرم آغا و متعلقہ حکام کے ہمراہ ہکلہ موٹروے کا دورہ کیا۔

انہوں نے ٹریفک رش پر قابو پانے کیلئے بوتھس کی تعداد میں فوری اضافہ پر این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تمام تر موٹرویز پر الیکٹرانک ٹال سسٹم کے مکمل رائج ہونے کے بعد نہ صرف ٹریفک کے بے ہنگم رش میں کمی واقع ہوگی بلکہ ٹریفک بلا رکاوٹ رواں دواں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفرمزید محفوظ تر،سہل اور خوشگوار ہوسکے۔