حکومت ’’ میرا پاکستان، میرا گھر سکیم ‘‘ جاری رکھے گی، مفتاح اسماعیل

92

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت ’’ میرا پاکستان، میرا گھر سکیم ‘‘ جاری رکھے گی، فنانس ڈویژن اور سٹیٹ بینک آف پاکستان اس وقت سکیم کو از سرنو تشکیل دینے پر کام کر رہے ہیں اور اسے جلد نافذ کر دیا جائے گا۔

جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک میں اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میرا پاکستان ، میرا گھر سکیم کو ان تمام لوگوں کے لئے جاری رکھے گی جن کی قرض کی درخواستیں منظور ہو چکی ہیں اور جنہوں نے ایڈوانسز (بیعانہ ) ادا کئے ہیں، ہم بینکوں سے بھی کہیں گے کہ وہ شرح سود کو کم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کو حکومت نئے سرے سے بہتر طریقے سے متعارف کرانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، ہم ابھی بھی سکیم کو سستا اور زیادہ وسیع بنانے کے لئے اس کی تشکیل کے عمل میں ہیں،اس نظر ثانی شدہ سکیم کو جلد ہی متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے عام لوگوں کی جانب سے پہلے سے کی گئی سرمایہ کاری محفوظ رہے گی۔