حکومت میڈیاکی تعمیری تنقید کاخیرمقدم کرتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

159

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت میڈیاکی تعمیری تنقید کاخیرمقدم کرتی ہے، حکومتی پالیسیوں پر تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے،حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے، حکومت میڈیا کی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے ، ملک میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے اور حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستون ہونے پر یقین رکھتی ہے۔

وزیرِاعظم نے کہاکہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے جس کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی استحکام کے بعد پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں روکی گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔پاکستان نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سنہری دور دیکھا اور آج بھی ان کی قیادت میں معاشی استحکام کے بعد ترقی کا سفر زور و شور سے جاری ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ دوست اور برادر ممالک کے انتہائی شکر گزار ہیں، ان کے تعاون سے پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح اور شرحِ سود میں خاطر خواہ کمی کا سہرا معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے، برآمدات میں اضافہ، صنعتی و زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت حاصل ہو رہی ہے اور ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ اور مکمل ڈیجیٹائیزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ کسٹمز کے نظام کی بہتری کیلئے فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام شروع کیا جا چکا ہے، اس نظام سے محصولات میں اضافے کے ساتھ ساتھ شفافیت میں اضافہ اور کرپشن کے خاتمے میں معاونت ملے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، چینی، کھاد اور آٹا وغیرہ کی سمگلنگ کی روک تھام سے قومی خزانے کو فائدہ ہوا۔ ترسیلاتِ زر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومتی پالیسوں پر اعتماد میں اضافے کا عکاس ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ دوست ممالک سے تعلقات میں اضافہ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے،اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال کیا ۔ وزیرِاعظم نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے قربانی دی،افواج پاکستان سمیت پوری قوم اس ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔ وزیرِاعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے، میاں محمد نواز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان اور خطے کی ترقی کا خواب تعبیر کے بالکل قریب ہے، حکومت سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کے خواب دیکھنے والا ملک دشمن مخصوص ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے، ایسے عناصر کو پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کی ترقی کیلئے دن رات مصروف عمل رہیں گے۔ انہوں نے باصلاحیت نوجوانوں اور افرادی قوت کو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت کی سہولیات و یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وفد کے شرکا نے معاشی اشاریوں میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ وفد نے بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ حکومتی معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے پر وزیرِاعظم کی کاوشوں کو سراہا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضروت ہے، حکومت اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزارتِ اطلاعات کے اعلیٰ افسران، چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میاں عامر محمود، میر ابراہیم، ناز آفرین سہگل، سلطان لاکھانی، سلمان اقبال، شکیل مسعود، ندیم ملک اور کاظم خان موجود تھے۔