حکومت نئی قانون سازی کے ساتھ ساتھ موجودہ قوانین پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری

78
APP24-07 ISLAMABAD: January 07 – Federal Minister for Human Rights Dr Shireen Mazari meeting with a delegation from Islamabad Chamber of Small Traders and Small Industries. APP

اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نئی قانون سازی کے ساتھ ساتھ موجودہ قوانین پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، چھوٹے تاجروں کے لئے کاروباری ماحول میں بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر ثاقب تاج عباسی کی سربراہی میں آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت چھوٹے کاروبار کے لئے کام کرنے کے حالات کو بہتر کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے اسلام آباد کی مارکیٹس میں حکومت کی طرف سے شروع کی جانے والی مختلف بیداری مہم میں اپنے مکمل تعاون اور مدد کی پیشکش کی۔ وفد نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ وہ اسلام آباد میں چھوٹے تاجروں اور چھوٹی صنعتوں کے چیمبر کے لئے آفس کے حوالے سے ان کے کیس کی حمایت کریں۔