لاہور۔4ستمبر (اے پی پی): نگران و فاقی وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ نظام صحت میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’ حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اوروبائی امراض سے بچائو کے لیے تمام وسائل بروئے کا رلا رہی ہے ، نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایات کے مطابق صحت کے نظام کی ترقی کے لیے جامع پروگرام ترتیب دے رہے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوارنٹائن ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
نگران وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ نگران وزیر اعظم نے صحت کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے احکامات دیے ہیں ‘ان ہدایات کی روشنی میں وزارت صحت نے عملدرآمد شروع کر دیا ہے’جلد شعبہ صحت کو درپیش مسائل اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر کے وزیراعظم کو پیش کریں گے’امید ہے کہ اس جامع پلان پر عملدرآمد کر کے عوام کا بیماریوں سے بچائو ممکن ہو گا۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ کسی بھی وبائی امراض کا باعث بنے والے وائرس یا بیکٹیریا کی کوئی بارڈر لائن نہیں ہوتی ہے ‘یہ ایک ملک سے دوسرے ممالک میں ٹریول کر کے بیماری پھیلانے کا باعث بن سکتے ہیں ‘جس کی مثال حال میں دنیا بھر میں پھیلنے والا کوویڈ وائرس ہے جس نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں تباہی مچائی’ان وبائی امراض سے بچائوکا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ہم ان کو روکنے کے لیے اپنا صحت کا نظام بہتر کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے’علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کورنٹائن ہسپتال کی بنیادبھی ان اقدامات کی ہی ایک کڑی ہے’اس ہسپتال میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے مسافروں کی سکریننگ اور ٹیسٹ ہوں گے تاکہ وبائی امراض پر قابو پایا جا سکے’ ایئر پورٹ پر ہی سکریننگ کر نے کا مقصد یہ ہے کہ نہ تو مسافروں کو کوئی نقصان ہو اور نہ ہی کمیونٹی کو وبائی امراض کے پھیلنے سے کوئی نقصان ہو۔
نگران وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ مسافروں کو ایسی سہولیات 24 گھنٹے میسر ہوں’میں نے اپنی ٹیم کو ہدایات کی ہیں کہ اگر کسی وبائی امراض کا خدشہ ہوتا ہے تو 10 گھنٹے کے اندر اندراس سے بچائو کے لیے پروٹوکول کو فعال کرنا ہے، محکمہ صحت کی جانب سے اس حوالے سے فوری اقدامات پر حکومت حوصلہ افزائی کرے گی’مجھے خوشی ہوئی ہے کہ محکمہ صحت نے مجھے یقین دلایا ہے کہ وہ اس پرجلد عمل پیرا ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم کو دوسری ہدایت یہ کی ہے کہ جس طر ح ہمارے فوجی سرحدوں کی حفاظت کے لیے سوتے نہیں بلکہ دشمن کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں ‘آپ کو بھی اسی طرح وبائی امراض سے بچائو کے لیے 24گھنٹے تیار رہنا ہو گا’کسی بھی وائرس کی روک تھام کے لیے 12 گھنٹے میں فعال سسٹم بنانا ضروری ہوتا ہے’اگر ہم اس سسٹم کو مضبوط بنائیںتو اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ویکسین بڑی مدد گار ثابت ہوتی ہے’جو کمیونٹی کی قوت مدافعت بڑھاتی ہے،جس سے اموات اور پیچیدگیوں میں کمی آجاتی ہے’وبائی بیماریوں سے مقابلہ کرنے کے لیے ویکسین کی تیاری بہت اہم ہے’کوویڈ کی ویکسین ہنگامی بنیادوں پر تیار کی گئی جس سے مرض پر قابو پانے میں مددد ملی۔انہوںنے کہاکہ کوویڈ کے دورمیں کافی پیچیدگیاں سامنے آئیںجن کو دور کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں پورے ملک میں وائرس سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں’صحت کے نظام کی ترقی کے لیے جامع پروگرام ترتیب دے رہے ہیں جو جلد نگران وزیر اعظم کو پیش کریں گے’ سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیںتاکہ عوام کی بیماریوں سے بچائو کو یقینی بنایا جا سکے۔