حکومت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے ، ان کے مسائل دور کرنے کیلئے کوشاں ہے، رواں سال ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا ورکشاپ سے خطاب

72

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے اور ان کے مسائل دور کرنے کیلئے کوشاں ہے، فیصلہ سازی میں نوجوانوں کو شامل کرنے کیلئے نیشنل یوتھ کونسل قائم کی گئی ہے ، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرکے روزگار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، رواں سال ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین کی استعداد کار بڑھانے کے حوالہ سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کو شکایت تھی کہ ہمیں فیصلہ سازی میں شامل نہیں کیا جاتا، اس مقصد کیلئے نیشنل یوتھ کونسل قائم کی گئی تاکہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے جو کہ ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوان جس جذبہ اور خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں وہ ایک تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرکے روزگار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،سندھ اور بلوچستان میں نوجوانوں کے تحفظات تھے ،

ان کے تحفظات کےخاتمہ کیلئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے کام اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت بجٹ میں ان کیلئے 100 ارب روپے رکھے تھے جن میں سے اب تک 20 ارب روپے ان میں تقسیم کئے جا چکے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار دے کر انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا چکا ہے، ملک بھر سے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت 16ہزار نوجوان چھوٹے بڑے کاروبار کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 20 لاکھ نوجوان ملازمتیں حاصل کرنے کیلئے مارکیٹ میں آتے ہیں، ان کو روزگار فراہم کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان آگے بڑھیں اور ان کی جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں دور کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے جسمانی فٹنس اور سپورٹس لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کھیلوں کے مقابلے شروع کر رہے ہیں جس میں نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، سپورٹس ٹیلنٹ، کامیاب اولمپکس اور دیگر مقابلے شامل ہوں گے، ان مقابلوں کا مقصد آئندہ سیف گیمز اور دیگر مقابلوں کیلئے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں کا آئی ٹی کے شعبہ سے تعلق ہے ان کو بھی موقع دیں گے، اسی طرح گرین یوتھ موومنٹ کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی میں نوجوانوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں آئی ٹی بزنس اور سپورٹس میں نوجوانوں کو آگے لا کر انہیں مواقع دیں گے