شکر گڑھ ۔ 25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور تعلیم کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔منگل کو یونیورسٹی آف نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں اور نوجوانوں کو تعلیم و تفریح کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘کے تحت ملک کے ہر کونے میں یونیورسٹیاں اور کھیل کے میدان تعمیر کیے جائیں گے،پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے ارشد ندیم کی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا نظریہ نوجوانوں کو گالم گلوچ سکھانا نہیں بلکہ انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے ماضی کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کی جماعت کو ماضی میں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا لیکن انہوں نے صعوبتیں برداشت کیں اور چیخے چلائے بغیر اپنا کام جاری رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور تعلیم کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565950