ٹنڈومحمدخان۔ 22 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ حکومت نگران سیٹ اپ کے لیے عمران خان سے کسی صورت مشاورت نہیں کرے گی ،عمران خان اقتدار کے حصول کے لیے ملک اور عوام کو داؤ پر لگا رہ ہیں وہ کبھی اسمبلی آنے تو کبھی استعفوں کی منظوری کی بات کرتےہیں ، حکومت فیکٹریاں بند نہیں ہونے دے گی ، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکاتیار میں دریائے سندھ کے بچاؤ بند کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ چند روز قبل دریائے سندھ کا بچاؤ بند اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگیا تھا جوکہ انتہائی خطرناک تھا ،مکنہ سیلابی ریلے سے قبل بند کی مرمت کی ضرورت ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت دیگر کے تعاون سے دریاء کے بچاؤ بند کا کام مکمل کر لیا جائے گا کیوں کہ ممکنہ سیلابی ریلے سے بند کو نقصان نہ پہنچے اگر نقصان ہوا تو متعدد اضلاع ڈوب جائیں گے ۔
سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان کو ملک، آئین و قوم کی نہیں بلکہ اقتدار کی فکر ہے ، وہ ملک میں انارکی و انتشار کی سیاست کر رہے ہیں اور وہ کنفیوژن میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ضمنی الیکشن سمیت ہر طرح سے تیار ہے ، تاہم 13 اپریل سے قبل ملک میں ضمنی الیکشن کسی صورت ممکن نہیں ہیں ۔ نگراں سیٹ اپ کے لیے موجودہ حکومت عمران خان سے کسی صورت مشاورت نہیں کرے گی
، آئین کے مطابق نگراں سیٹ آپ کے لئے اپوزیشن لیڈر سے بات کی جاتی ہے اگر اس وقت تحریک انصاف کا اپوزیشن لیڈر ہوگا تو مشاورت عمران خان سے نہیں اپوزیشن لیڈر سے کریں گے، سید نوید قمر نے کہا کہ ملک میں فیکٹریاں بند نہ ہوں اس کے لئے تاجروں سے مذاکرات جاری ہیں ، حکومت فیکٹریاں کسی صورت بند ہونے نہیں دے گی ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے ، پہلے مرحلے میں مذاکرات کر لئے گئے ہیں ۔
سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں،ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور مارکیٹ کمیٹی کو متحرک کیا جارہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔بعد ازاں انہوں نے پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کیں،سید نوید قمر نے پارٹی کے ضلعی اطلاعات سیکرٹری سے ان کی والدہ کے انتقال پر ان کے گاؤں میں تعزیت بھی کی۔