حکومت نےکامیاب جوان پروگرام کے ذریعے10 ہزار نوجوانوں میں رقم کی تقسیم کا پہلا ٹارگٹ مکمل کر لیا‘ عثمان ڈار

68

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):حکومت نےکامیاب جوان پروگرام کے ذریعے10 ہزار نوجوانوں میں رقم کی تقسیم کا پہلا ٹارگٹ مکمل کر لیا۔ہفتہ کو مشیر تجارت رزاق داود کے ٹویٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ اہم سنگ میل پر وزیراعظم عمران خان اور حکومتی معاشی ٹیم کے تعاون پر شکر گزار ہوں،نوجوانوں کی خدمت کا یہ سفر تو ابھی شروع ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر رقم کی تقسیم اور اسکل اسکالرشپس شروع کر رہے ہیں، عثمان ڈارنے کہا کہ ہنرمند پاکستان پروگرام کے ذریعے بھی ہزاروں نوجوانوں کو حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ بیک وقت ملک بھر میں جاری ہے، انہوں نے کہا کہ اب تک 10 ہزار نوجوانوں کو 8 ارب روپے سے زائد رقم کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکاہے۔ نوجوان ملکی ترقی اور معیشت میں بہتری کیلئے ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست استعمال کریں،قبل ازیں مشیر تجارت رزاق داود نے اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان خصوصی عثمان ڈار کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار کے فروغ کیلئے کامیاب جوان پروگرام پر موثر عملدرآمد قابل تعریف ہے،معاون خصوصی عثمان ڈار کو 10 ہزار نوجوانوں میں رقم کی کامیاب تقسیم پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، 10 ہزار نوجوانوں میں 8.1 ارب روپے کی رقم تقسیم ہونا خوش آئند ہے،انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان ملکی صنعت اور معیشت کو بدل کر رکھ دے گا۔