حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں معیشت کی بہتری کو ترجیح قرار دے دیا،وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

26
Senator Muhammad Aurangzeb

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں معیشت کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں ۔منگل کو بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ برس بھی معیشت کی بحالی، مالی نظم و ضبط، اور استحکام کے لیے کئی اہم اقدامات کیے،

جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔وزیر خزانہ کے مطابق جی ڈی پی کے 2.4 فیصد کے برابر پرائمری سرپلس حاصل کیا گیا، جو مالیاتی نظم و ضبط کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جو مئی 2024 میں کم ہو کر 4.7 فیصد رہ گئی، جبکہ دو سال قبل یہ شرح 29.2 فیصد تک جا پہنچی تھی۔روپے کی قدر میں استحکام حاصل ہوا، جو بیرونی قرضوں اور درآمدی بلوں پر دباؤ کم کرنے میں مددگار رہا ۔

ترسیلات زر میں موجودہ مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی مالیت 31.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ حکومت کو توقع ہے کہ سال کے اختتام تک ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں دو ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے، اور یہ ذخائر سال کے اختتام تک 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں ان پالیسیوں کو مزید تقویت دی جائے گی تاکہ اقتصادی بحالی کا عمل مستحکم بنیادوں پر جاری رکھا جا سکے۔