حکومت نے اس سال بھی حقیقت پسندانہ ،ذمہ دارانہ بجٹ پیش کیا،ہماری حکومت نےڈیفالٹ کو روکنے کےبعد مختلف ترجیحات کومتوازن کیا،بلال اظہر کیانی

132
بلال اظہر کیانی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی یوتھ آرگنائزنگ کمیٹی خیبر پختونخوا قائم کر دی گئی،وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی کا ٹویٹ

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے گزشتہ سال ایک حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ، عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان کے ڈیفالٹ کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کے باوجودڈیفالٹ کو روکنے کے بعد مختلف ترجیحات کو متوازن کیا گیا، ہماری حکومت نے اس سال بھی حقیقت پسندانہ اور ذمہ دارانہ بجٹ پیش کیا ہے۔

اتوار کو پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے ٹویٹ کے جواب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اپنے پہلے 3 مالی سالوں (مالی سال 2019، مالی سال 2020، مالی سال 2021) کے دوران ایف بی آر کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں مسلسل ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2020 میں عمران خان کی حکومت نے ایف بی آر کے ٹیکس ہدف سے 1,557 ارب روپے (28فیصد) کم ٹیکس وصولیاں کیں جو کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کمی ہے۔ اسی طرح مالی سال 2019 میں عمران خان کی حکومت نے ٹیکس ریونیو میں صرف 3,829 ارب روپے اکٹھے کیے جو کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں گزشتہ مالی سال کی 3,842 ارب روپے کی ٹیکس وصولی سے کم تھے۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان میں ٹیکس میں منفی نمو دیکھنے میں آئی۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اسی طرح عمران خان کی حکومت اپنے 4 سالوں کے دوران مسلسل ہر سال اپنے مالیاتی خسارے پر قابو پانے سے بھی محروم رہی ۔ مالی سال 2022 میں 5,260 ارب روپے کے ریکارڈ خسارے کے ساتھ اوسط سالانہ مالیاتی خسارہ 3,871 ارب روپے تھا۔ اس کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کی 2013-18 کی حکومت کے دوران اوسط سالانہ مالیاتی خسارہ صرف 1,664 ارب روپے تھا۔

پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔ ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرتے ہوئے سیلاب سے نجات کی کوششوں کو ترجیح دی۔ اس کے باوجود ہم نے ایف بی آر کی آمدنی میں پچھلے سال کے مقابلے میں 16فیصد اضافہ کیا اور ایف بی آر کے ٹیکس کے ہدف سے صرف 4فیصد کم ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے حماد اظہر کے ٹویٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کے چار سالہ دور اقتدار میں ٹیکس محصولات اور مالیاتی خسارہ کے اہداف کے حصول میں ناکامی کے گرافکس بھی شیئر کئے۔