اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے مساجد میں اعتکاف پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جبکہ معتکفین میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اینٹی کورونا ایس او پیز جاری کئے ہیں۔ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعتکاف پر پابندی کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ الوداع کو یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خلاف اللہ تعالیٰ سے توبہ اور مغفرت کی دعا کی جا سکے۔
اس موقع پر اللہ سے عہد کیا جائے گا کہ قوم اپنی زندگی قرآن و سنت کے مطابق گذارے گی۔ انہوں نے مذہبی رہنمائوں اور پیش اماموں پر بھی زور دیا کہ وہ مساجد میں نماز کی ادائیگی کے دوران نمازیوں کو اینٹی کووڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کریں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی جو اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن بھی ہیں، نے کہا کہ گزشتہ روز کونسل کے اجلاس میں علماءکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موذی وائرس سے بچنے کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں مناسب جسمانی فاصلے کو یقینی بنانا چاہئے کیونکہ اس بارے میں مذہبی رہنمائوں نے اتفاق رائے سے حکم نامہ جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران عرب ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ او آئی سی نے حال ہی میں پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے اسلامو فوبیا کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھی اسی طرح کی ایک قرارداد پیش کرنے پر کام جاری ہے۔
موجودہ حکومت کی اسلامو فوبیا پر قابو پانے کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے مغرب سے اسلامو فوبیا کے خاتمے کے حوالے سے دنیا بھر کے 100 سے زائد مسلمان پارلیمنٹیرینز کو خطوط لکھے ہیں۔ توہین مذہب اور اسلاموفوبیا کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں کیونکہ بیشتر مسلمان ممالک نے ان دونوں معاملات پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنا شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، ایران اور ترکی عالمی سطح پر اسلاموفوبیا اور مذہب کی توہین پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فرانس میں توہین رسالت ﷺکے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے حوالے سے مصر کے شیخ الازہر کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان رمضان المبارک کے اختتام سے قبل سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر کے بعد پاک عرب فورم کا ایک اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔