اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ انجکشن اواسٹین (Avastin)کی فروخت اور فراہمی روک دی گئی ہے۔اتوار کو وفاقی وزیر نے یہ بات صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر سے ملاقات کے بعد کہی۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے منفی ردعمل کا باعث بننے والے Avastin کے انجکشن کو مارکیٹ سے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نگراں وزیر نے کہا کہ متاثرہ مریض کی جانب سے انجیکشن آواسٹن کے منفی ردعمل کے بارے میں معلومات ملنے پر انہوں نے فوری طور پر وزیر صحت پنجاب سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انجکشن فراہم کرنے والے دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سینئر ڈاکٹروں اور ماہرین پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تمام زاویوں سے معاملے کی تحقیقات کر کے تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔متاثرہ مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی اور انہیں ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر صحت پنجاب سے ڈینگی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے محکمہ صحت کے حکام صورتحال کو اچھی طرح سے سنبھال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں اس سال اب تک 3500 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کیسز کی تعداد 10 ہزار تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے کیونکہ 15 اکتوبر کے بعد ڈینگی کے کیسز میں کمی کا رجحان ہے، "ہمیں بیماری پر قابو پانے کے اقدامات کو اسی جوش اور توجہ کے ساتھ مزید تین سے چار ہفتوں تک برقرار رکھنے کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے میں ضروری ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے اور وافر مقدار میں سٹاک موجود ہے۔نگراں وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم صحت کے شعبے میں واضح بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔