
اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) حکومت نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ شرح سے اضافہ کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے پٹرول 92 رون کی قیمت میں 2 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لٹر اضافہ کرنے جبکہ مٹی اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ ملک میں پہلی مرتبہ متعارف کردہ اعلیٰ معیار کے 92 رون پٹرول کی وجہ سے کیا گیا ہے جس کے عالمی مارکیٹ میں نرخ زیادہ ہیں۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں ایک میڈیا بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے یکم دسمبر سے ایم ایس 92 رون پٹرول کی قیمت میں 6.24 فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7.47 فیصد اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.49 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی۔ اس شرح سے ایم ایس 92 رون پٹرول کی قیمت میں 4.01 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.42 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.81 روپے فی لٹر اضافہ کی تجویز دی گئی ہے۔