اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگی تھرمل توانائی کو 10ہزار میگاواٹ شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کے انقلابی اقدام کے تحت حکومت نے بجلی کی پیداوار کےلئے شمسی توانائی کے انقلابی منصوبوں کا آغاز کیا ہے جس کے تحت گزشتہ روز ایک لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے کسانوں کو سستی بجلی مہیا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس اقدام سے زرعی پیداوار میں اضافہ اورخوراک کی ضروریات میں خود کفالت حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماری معیشت ہائی پاور ٹیرف کے ساتھ ترقی نہیں کرسکتی، ہمیں مہنگے ایندھن پر چلنے والے پاور پلانٹس کو تبدیل کرنا ہوگا، مہنگے ایندھن سے چلنے والے پاور پلانٹس عوام پر بوجھ اور گردشی قرضہ میں اضافہ کا باعث ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ٹیوب ویلوں کے سولرائزیشن منصوبے پر377 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ سولر، نیوکلیئر اور کول پاور منصوبوں کے علاوہ مخلوط حکومت نے ہائیڈرو پاور منصوبوں کی ترقی پربھی توجہ مرکوز کی ہے،ہم نے برادرملک سعود ی عرب کو دیامر بھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے۔