حکومت نے بجٹ 2022-23ء میں موجود ہ حالات کو مد نطر رکھتے ہوئے ً عوام کے لئے بڑا ریلیف دینے کی کو شش کی ہے ، وفاقی وزیر برائے تجارت سیّد نوید قمر کا بجٹ پر تبصرہ

55

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت سیّد نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ 2022-23ء میں موجود ہ حالات کو مد نطر رکھتے ہوئے ً عوام کے لئے بڑا ریلیف دینے کی کو شش کی ہے، حکومت کا یہ بجٹ اتحادی پارٹیوں کا مشترکہ بجٹ ہے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک پر اس وقت ایک مشکل وقت ہے، حکومت نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جو بجٹ تیار کیا ہے اس میں غریب، مزدور، کسان اور عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے بہتر ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے یہ بجٹ دن رات کی کوششوں کے بعد تیار کیا، اگر عمران حکومت کی پالیسیوں کو ہی اختیار کرنا ہوتا تو پھر ہمارے حکومت میں آنے کا تو کوئی جواز نہیں تھا، سابق حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھتے تو ملک اور قوم تباہی اور بربادی کا شکار ہوتی، ہم نے عمران حکومت کی پالیسیوں کو عوام پر مسلط نہیں ہونے دیا،

پیپلز پارٹی نے غریب عوام کے ریلیف کیلئے مثبت تجاویز دیں اور انشاء اﷲ عوام دیکھیں گے کہ بجٹ میں انہیں دیئے گئے ریلیف سے ان کی زندگی پر اچھے اثرات ظاہر ہوں گے، سرکاری ملازمین کیلئے بھی بجٹ میں گنجائش رکھی گئی، عمران خان نے جو پالیسیاں تیار کی تھیں وہ قوم کیلئے تباہی کے سوا کچھ نہیں تھیں۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے اتحادیوں کی مشاورت سے بجٹ پیش کیا ہے اس لئے اس بجٹ کو مشترکہ بجٹ کہا جا سکتا ہے۔