حکومت نے جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا جسے پورے پاکستان میں بھرپور اندازسے منایا گیا،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا دربار عالیہ عیدگاہ شریف میں یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب

77

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا، ناموس رسالتۖ کے تحفظ، اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر فورم میں نہ صرف آواز بلند کررہے ہیں بلکہ عملی اقدامات کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں، مغربی ممالک کو خطوط لکھنے کا معاملہ ہو یا آوازبلند کرنا ہو عمران خان نے ہر جگہ اپنی ذمہ داری ادا کر کے ثابت کر دیا کہ وہ سچے عاشق رسول ۖ ہیں، فلسطینوں، کشمیریوں کے ساتھ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے، اس سے زیادہ اور کوئی مضبوط رشتہ نہیں ہے۔ وہ جمعہ کو دربار عالیہ عیدگاہ شریف میں یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صاحبزادہ حسان حسین الرحمان ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز بھی موجود تھے جبکہ تقریب کی صدارت سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمان نے کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا جسے پورے پاکستان میں بھرپور اندازسے منایا گیا،اسرائیل نے 27ویں روزہ کو قبلہ اول مسجد اقصی میں جس اندازسے ظلم شروع کیا گیااس کی مثال نہیں ملتی،250سے زائد بچے شہید کیے گئے کہاں ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے ایک ناحق قتل کیا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا، فلسطین میں ہونے والے ان لرزہ خیز مناظر پر کوئی مسلمان خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب فلسطین پر حملہ ہوا تو اس وقت وزیراعظم عمران خان مدینہ میں روضہ رسولۖ پر موجود تھے اور وہاں سے فلسطین پر ہونے والے حملے پر آواز بلند کی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی ہدایات پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس تک کا سفر کامیابی سے طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کا ترجمان بن کر ابھرے ہیں، عمران خان نے اسی طرح مسئلہ کشمیر پر بھی موثر آواز بلند کی ہے، جہاں جہاں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہو وہاں پر پوری امت مسلمہ کو یک جان ہوکر آوازبلند کرنا ہوگی،اس سے موثر اور طاقتور آواز کوئی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی سب نے دیکھ دیا ہے کہ پاکستان کا یہاں بھی اہم کردار نظر آرہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرادادیں موجود ہیں،مسئلہ فلسطین کا حل ان قراددادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ فلسطین پر موثر آواز اٹھانے پر جنگ بندی ہوچکی ہے اس پر اﷲ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بین الاقوامی سیاست میں جب تک دباؤ نہ ڈالیں، سیاسی اور سفارتی عزم کا مظاہرہ نہ کریں تب تک غالب قوم جنگ بندی پر تیار نہیں ہوتی۔

صاحبزادہ حسان حسیب الرحمان نے کہاکہ حکومت کی جانب سے فلسطینوں کے ساتھ یوم یکجہتی فلسطین کا اعلان کرنا احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تو ایک انسان کا ناحق قتل انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے،ظلم پر خاموش رہنا ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یروشلم میں پرتشدد مناظر انتہائی پریشان کن ہے،یا علاقائی نہیں عالمی مسئلہ ہے، اس کا بہترین فورم اقوام متحدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصی مقدس ترین ہے، ہمارے لئے قبلہ اول ہے،مقدس خطے میں طاقت کے غیر قانونی استعمال کا حق حاصل نہیں ہونا چاہئے۔تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین پیر نقیب الرحمان نے ملکی و عالمی سلامتی،استحکام اور بقاء کے لئے خصوصی دعا کرائی ۔