حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کر دئیے ہیں، وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ

217
Qamar Zaman Kaira

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب اور شدید مون سون موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے،دنیا کے کئی ممالک اس قدرتی آفت کا شکار ہیں،سیلاب سے پندرہ لاکھ سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں،وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کر دئیے ہیں،متاثرہ علاقوں میں 25 ہزار روپے فی خاندان فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے،اس مقصد کے لئے 37 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔

انھوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ اور پاکستان سویٹ ہومز کے اشتراک سے نیشنل پریس کلب کے باہر سیلاب زدگان کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اکیلے اس طرح کی بڑی قدرتی آفت کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اس کیلئے پوری قوم کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت اصل مسئلہ متاثرہ علاقوں تک پہنچنا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کی بھی پیشنگوئی کی ہے، زمینی اور فضائی راستوں سے متاثرہ علاقوں تک امداد پہچانے میں بہت مشکلات کا سامنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ خیموں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ان کی پیداوار بڑھائی جا رہی ہے اور اس کے لئے فیکٹریز میں دن رات کام ہو رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ امداد کے بعد بحالی کا مشکل مرحلہ درپیش ہو گا،سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کےلئے عالمی ڈونر کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں،وفاقی اور تمام صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کیلئے بھرپور طریقے سے میدان عمل میں ہیں، ہمیں مشکل میں گھرے لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں تمام پاکستانی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کٹھن وقت میں قوم کو متحرک کرنے کے لئے میڈیا کا کلیدی کردار ہے، اس ضمن میں میڈیا کو سیلاب زدگان کی مدد اپنی ترجیح بنانا ہو گا ۔