اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا، غریب عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ایک بہت بڑی رقم مختص کی گئی ہے، حکومت کسانوں اور زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، حکومت نے ملکی معیشت کو درست راستے پر گامزن کردیا ہے، بہتر پالیسیوں کے باعث مالی سال کے آخر تک ترقی کی شرح 4 فیصد تک پہنچ جائے گی، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 22 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ سیاسی کلچر بن چکا ہے کہ جب بھی بجٹ آتا ہے تو اپوزیشن نے لامحالہ اور ہر صورت میں حکومت پر تنقید کرنا ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے آخری سال میں پرائمری بیلنس 3.8 فیصد تھا، ہم نے اپنی حکومت کے دوران اس کو منفی 1.1 فیصد کیا اور اس سال ہم اس کو منفی 0.6 کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری کی پالیسی اپناتے ہوئے ملک کی کمائی میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری کی پالیسی اپناتے ہوئے ملک کی کمائی میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کروڑ 70 لاکھ خاندانوں کو نقد رقوم فراہم کی گئیں اور یہ رقوم ایسی صورتحال میں عوام کو دی گئیں جب کورونا وباء کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومت کے بہتر اقدامات کے باعث زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور اس سیزن میں گندم، مکئی، گنے اور دیگر بہت سی اشیا کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے، اب کسانوں کو ان کی فصلوں کی پوری قیمت مل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے بجٹ میں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی ہے اور ملک بھر کے کسانوں کی مانگ اور ضرورت کے مطابق انہیں مزید مراعات دی جائیں گی، حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو معیشت کی ترقی کے لئے آسان قرضے فراہم کرے گی، اس کے علاوہ کاشتکاروں کو سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت گامزن کر دیا ہے، بہتر حکومتی پالیسیوں کے باعث مالی سال کے آخر تک ترقی کی شرح 4 فیصد تک پہنچ جائے گی اور اس گروتھ میں ملکی برآمدات میں اضافہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تمام وعدے پورے کردیئے، وزیر اعظم عوام کی خدمت کے لئے اقتدار میں آئے اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تباہ حال معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کیا ہے، ہماری حکومت کے دوران 3 سال میں مہنگائی کی شرح میں تقریباً 27 فیصد اضافہ جبکہ ایک عام آدمی کی قوت خرید میں تقریباً 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، بھارت میں گزشتہ ایک مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 17 مرتبہ اضافہ کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ 3 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔