اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، ملک کو سرسبز اور صاف ستھرا بنانے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں، موجودہ حکومت آنے والی نسلوں کو محفوظ اور بہتر پاکستان دینے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بلین ٹری سونامی اقدامات کو سراہا رہی ہے جیسا کہ تحریک انصاف حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پلاسٹک بیگز پر پابندی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت کئی دوسرے اقدامات اٹھائے ہیں۔
زرتاج گل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے، بالائی پنجاب میں سموگ، شہروں کی توسیع کے بڑھتے ہوئے رحجان اور تیزی سے درختوں کی کٹائی کی وجہ سے ہماری آب و ہوا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درخت لگانا قومی فریضہ ہے اسلئے تمام شہری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حصے کا درخت لگائیں۔