اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود کورونا کی وبا کے دوران کاروباری برادری اور معاشرے کے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا، تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دی جائے تاکہ بجٹ کے خسارہ کم اور ترقیاتی کاموں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے ایک وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تاجروں کو مسابقتی اور منصفانہ کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کوویڈ 19 کی وبا کے دوران کاروباری برادری اور معاشرے کے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا۔
انہوں نے ایل سی سی آئی پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ بجٹ کے خسارے کو کم کیا جا سکے اور ترقیاتی کاموں کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں۔
وفد نے حکومت کی معاشی کارکردگی بالخصوص محصولات کی وصولی اور غیر ملکی ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے صدر کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ ان کی شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔