حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کیے ، ہمیں متحدہوکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے،سینیٹر محمد اسحاق ڈار

153

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کیے جن کے ثمرات رواں ماہ سامنے آنا شروع ہوجائیں گے ، پاکستان کامستقبل روشن ہے اور ہمیں متحدہوکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے، زراعت کے شعبے کیلئےمزید مراعات دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹس کے زیر اہتمام منعقدہ پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی بہتری کے لئے سفارشات کو کھلے دل سے سنیں گے اور موصول ہونے والی بہترین تجاویز پر عمل بھی کریں گے ۔انہوں نےکہا کہ بجٹ میں خامیوں کو دور کرنے کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں پاکستان کی معیشت 24 ویں نمبر پر تھی جو کہ اب گزشتہ حکومت کی خراب کارکردگی کی وجہ سے 47 ویں نمبر پر چلی گئی ہے اندروں اور بیرون ممالک سے لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کررہے تھے تاہم حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کیے جن کے ثمرات رواں ماہ سامنے آنا شروع ہوجائیں گے ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی خراب پالیسیوں کی وجہ سےپاکستان میں کوئی سرمایہ کاری کو تیارنہیں تھا، 2017میں دنیا کی ریٹنگ ایجنسیز پاکستان کی ترقی کو تسلیم کررہے تھے اور ملک میں 2017میں مہنگائی کی شرح صرف چارفیصد تھی اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج جنوبی ایشیاء کی بہترین منافع بخش ٹریڈنگ مارکیٹ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کرسوچنا ہوگا اور تمام فریقین کو مل کر معیشت کے لئے کام کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط سے روگردانی کرکےملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا جس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے پاکستان کے محفوظ مستقبل پر مکمل یقین ہے،پاکستان کو باعزت مقام دلانے کیلئےسخت فیصلے ناگزیر تھے ہمیں ترقی کیلئے شرح نمو کو بڑھانا ہوگا اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کو روکنا ہوگا کیونکہ روپےکی قدرمیں کمی سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے اور قرضوں کے بوجھ میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے ۔

انہوں نےکہا کہ ہمیں مالیاتی نظم وضبط کو ہرصورت یقینی بنانا ہوگا،پاکستان کامستقبل روشن ہے اور ہمیں متحدہوکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ بجٹ میں ہم نے زراعت کو کئی مراعات دی ہیں اور اس میں مزید اضافہ بھی کریں گے اس کے ساتھ ساتھ بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کیے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے بھی متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں کو تسلیم کرنے کیلئےبجٹ میں اقدامات کیےہیں۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم کی ترقی کیلئے اربوں روپے مختص کیے ہیں اور محصولات کو بڑھانے کیلئے پالیسی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برامد ہونگے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ میں رکھے گئےاہداف حقیقت پر مبنی ہیں اور موجودہ حکومت نے معیشت میں گراوٹ کے عمل کو روک دیا ہے،آنیوالے دنوں میں زراعت کے شعبے کیلئےمزید مراعات دی جائیں گی۔