اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے کامیاب نوجوان اور کامیاب سکلز سکالر شپ جیسے پروگرام متعارف کرائے ہیں،
ملک کا ہر وہ نوجوان جس کی عمر 18 سے 45 سال تک وہ ان پروگرامز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس کے علاوہ جن نوجوانوں کے پاس ہنر یا کوئی بھی کام کرنے کی سمجھ بوجھ ہے وہ کامیاب پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت قرض لینے کیلئے حکومت نے ایک ایسا فارم ڈیزائن کیا ہے جو بھی اس فارم کو مکمل کرلے گا وہ قرض لینے میں بھی کامیاب ہوجائے، دوسری طرف وہ نوجوان جن کے پاس ڈگری ہے لیکن تجربہ نہیں تو ان کیلئے کامیاب جوان سکلز سکالر شپ لے کر آئے ہیں ملک کے تقریباً 720 انسٹی ٹیوٹس میں پاکستان نیف ٹیک کے زیرانتظام نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہی ہے گزشتہ تین چار روز سے مختلف یونیورسٹیوں میں جارہے ہیں اور جو پہلا گروپ 37 ہزار نوجوانوں کا کامیاب ہوا ہے ان کو ڈگریاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے، جو نوجوان کامیاب نوجوان سکلز سکالرشپ کے تحت ٹر یننگ حاصل کرتے ہیں انہیں فوری طور پر نوکری مل جاتی ہے،کامیاب جوان پروگرام کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے اسے آن لائن رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب نوجوان کے تحت نوجوان خود آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، اس کے علاوہ جو لوگ درخواست فارم پر نہیں کرسکتے وہ اپنی متعلقہ بینک برانچز میں جاکر بھی اس فارم کو مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت اب تک 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، اس پروگرام کے تحت ملک کے 21 بینک پارٹنر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے ،کسی کو یہ پیسہ سیاسی بنیادوں پر نہیں دیا جائے گا، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ یہ پیسہ صحیح حق داروں کو ملے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب پروگرام کے تحت نوجوان اپنے علاقوں میں کاروبار شروع کرکے مزید دوسرے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں، اس وقت ہر سال بیس لاکھ لوگ مارکیٹ میں نوکری کیلئے آرہے ہیں،سکلز پروگرام کے تحت ڈگری حاصل کرنے والوں کو آسانی سے نوکریاں مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ لوگوں کو روزگار مہیا کریں، اس وقت پاکستان کی اکانومی بہتری کی طرف گامزن ہے، ان پروگرامز کے سے ملک کی اکانومی میں مزید بہتری آئے گی۔ ایک سوال کے
جواب میں انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں نے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت قرض حاصل کیا ہوا ہے، ان کے متعلقہ بینک مختلف اوقات میں ان کے کاروبار کا دورہ کرتے ہیں، حکومت اس پروگرام کا بین الاقوامی معیار کے مطابق آڈٹ کروا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں سے ملک کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے اور یہ لمبے عرصے تک چلیں گے،ماضی میں ایسی جوبھی سکیمیں آئی ہیں وہ صرف قوم کے ساتھ مذاق ہوتا تھا۔