
اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے وژن 2025ء کے تحت ملک بھر میں یونیورسٹیوں کا نیٹ ورک قائم کیا، نفرت، انتہاء پسندی اور عدم برداشت ملک میں امن، قومی یکجہتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے میل اور فی میل کیمپسز میں اکیڈمک بلاکس کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بلاکس یونیورسٹی کی توسیع اور اپ گریڈیشن کے پی سی۔ ون کا حصہ ہیں جس کی مالیت 2.5 بلین روپے ہے، اس پراجیکٹ کے تحت انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطحوں پر پیش کیے جانے والے تقریباً تمام پروگراموں میں طلبا کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جاے گا۔ میل کیمپس کے نئے بلاک میں سول انجینئرنگ اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی ہر شفٹ میں تقریباً 2000 طلباء استفادہ کریں گے جبکہ خواتین کیمپس کے بلاک میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ سوشل سائنسز کی ہر شفٹ میں تقریباً 3000 طالبات کی گنجائش ہوگی
پی ایس ڈی پی کے تحت اس منصوبے میں ان افتتاح شدہ بلاکس کے علاوہ چار مزید زیر تعمیر عمارتیں بھی ہیں جن میں مشترکہ اکیڈمک بلاک، لائبریری کی عمارت، شریعہ ہاسٹل اور میڈیکل سنٹر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لیب کا سامان، فرنیچر، ٹرانسپورٹ، کیمپس مینجمنٹ سسٹم اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کی فراہمی بھی پی سی۔ون کا حصہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مسلم امہ کے نوجوانوں اور یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کی تاریخ کے عظیم ورثے کی پیروی کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور بالخصوص کتاب مقدس میں تعلیم کے حصول اور کائنات کی کھوج پر بہت زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو خود اعتمادی کو بلند رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو دنیا بھر میں بدعنوان کے طور پر پیش کرنے کی بیان بازی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے کیونکہ اس سے پاکستانی عوام کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرپٹ قوم نہیں، ہمارے لیڈروں کو ملک کا مثبت تشخص پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2013ء کے سابقہ دور سے لے کر اب تک وژن 2025ء کے تحت ملک بھر میں یونیورسٹیوں کا نیٹ ورک قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی وژن کے تحت جدید ضروریات بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جنس، جینیٹکس، ڈیجیٹل انقلابی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے لئے مراکز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، انتہاء پسندی اور عدم برداشت ملک میں امن، قومی یکجہتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہشت گرد حملے سے بچنے کے بعد میں نے نوجوانوں کو نفرت اور دہشت گردی سے بچانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ذہن میں نفرت کا وائرس عقل اور اس کی مثبت انداز میں سوچنے کی صلاحیت کو ختم کر دیتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ تصادم اور تشدد کی بنیاد تعصب اور عدم برداشت ہے کیونکہ یہ انتہا پسندی کی طرف لے جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی قوم کی کامیابی کا انحصار اجتماعی صلاحیت کے استعمال پر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولرائزیشن قومی یکجہتی کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو مسلسل سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کا مشورہ دیا اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں اختلاف رائے کے آداب کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں یہ توسیع اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی اپنے وژن کی وجہ سے ایک مخصوص مقام کو مد نظر رکھتے ہوے، مسلم نوجوانوں میں اسلامی افکار کی ترویج اور بامعنی تحقیق کے اطلاق کو جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا کہ یہ یونیورسٹی کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ آج توسیعی منصوبے کے تحت دو بلاکس کا افتتاح کرکے ایک اور سنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی طرف سے فراہم کردہ خصوصی تعاون کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی احسن اقبال کی جانب سے مسلسل گہری دلچسپی اور مسلسل تعاون پر شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو انفراسٹرکچر کی ترقی اور تعلیمی بہتری کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے بین الاقوامی درجہ بندی میں ایک مخصوص مقام برقرار رکھتے ہوئے بہت سے تعلیمی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں سید نوید حسین شاہ، ڈائریکٹر، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ایچ ای سی، یونیورسٹی کے تمام نائب صدور، ڈینز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔