اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ہیں ، شہری پریشان نہ ہوںاس بیماری سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور چوبیس گھنٹے اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،ہمارا عزم مریضوں کو تیز رفتار علاج فراہم کرنا ہے،میڈیا کورونا وائرس بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کوروناوائرس سے پریشان نہ ہوں کیونکہ حکومت اس بیماری سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے،چوبیس گھنٹے اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اگر کوئی پریشانی پیش آئی تو فوری اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کورونا وائرس بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرے کیونکہ پوری دنیا کو اس کی وجہ سے معاشی مشکلات کا سامنا ہے، تمام شہری صفائی کا خیال اور وزارت صحت کے ہدایات پر عمل کریں۔معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے اور وزارت صحت اس بارے روزانہ کی بنیادیوں پر ہدایات جاری کر رہی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں اب تک 289 مشتبہ افراد کے خون کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن میںصرف 6 افراد میںوائرس کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض مکمل طور پر صحت یاب بھی ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے تمام ایئر پورٹس پر سکینرز نصب کر دیے ہیں اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،اگر کسی شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوتی ہے تو اس کے لیے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ بھی قائم کر دیے گئے ہیں، ہمارا عزم مریضوں کو تیز رفتار علاج فراہم کرنا ہے۔