حکومت نے کووڈ۔19 سے نمٹنے کے پروگرام کے پی سی ون کے تحت 37.96 ارب روپے کی اضافی گرانٹ مختص کی ہے، حکام پلاننگ کمیشن

54
Planning Commission
Planning Commission

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزارت منصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، اس سلسلہ میں حکومت نے پورے ملک میں کووڈ۔19 سے نمٹنے کے پروگرام کے پی سی ون کے تحت 37.96 ارب روپے کی اضافی گرانٹ مختص کی ہے۔

پلاننگ کمیشن کے حکام کے مطابق یہ گرانٹ ملک کے چاروں صوبوں میں ضلعی و تحصیل ہیڈکواٹرز ہسپتالوں میں متعدی بیماریوں اور ان کے اہم نگہداشت یونٹوں پر خرچ کی جائے گی۔

اس پروگرام کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کے 19 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 5.02 ارب روپے، صوبہ سندھ کے 21 اضلاع میں 16 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور23 تحصیل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ 4 ٹیچنگ ہسپتالوں کے لئے 10.41 ارب روپے ، صوبہ پنجاب کے 11 اضلاع کے 6 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور 8 تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے لئے 19.59 ارب روپے، صوبہ بلوچستان میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 2.94 ارب روپے، گلگت بلتستان میں 10 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو اپ گریڈیشن کے لئے 1.6 ارب روپے ، آزاد کشمیر 10 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ، 10 تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور 4 ٹیچنگ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 1.1 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

جنوبی بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے 4.87 ارب روپے کی اضافی گرانٹ خرچ کی جائے گی۔