اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ہزارہ ڈویژن میں بجلی کے وولٹیج کو بہتر کرنے کیلئے 17 ارب روپے کی لاگت سے چار نئے گرڈ سٹیشن کے قیام کی منظوری دی ہے جبکہ خانپور روڈ کو پشاور جی ٹی روڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے 45 کروڑ روپے جاری کئے ہیں، منصوبہ پر بہت جلد کام شروع ہو گا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں بجلی کے وولٹیج کو بہتر بنانے کیلئے 17 ارب کی لاگت سے نئے گرڈ سٹیشن کے قیام کی منظوری دی ہے جن میں ضلع مانسہرہ میں دربند کے مقام پر 132 کے وی کے گرڈ سٹیشن کی منظوری دی گئی جس پر 50 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، اسی طرح ضلع ہری پور میں سرائے صالح کے مقام پر 132 کے وی پر 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ خانپور میں 132 کے وی کے گرڈ سٹیشن کے قیام پر 50 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ 132 کے وی کے نئے گرڈ سٹیشن بھی بنائے جائیں گے، ان تینوں گرڈ سٹیشن پر ایک ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ حطار انڈسٹری میں 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن کے قیام کی منظوری دی ہے جس پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی۔