حکومت نے 3سال میں گندم کی قیمت میں 500 روپے اضافہ کیا، ن لیگ کے دور میں گندم کی قیمت میں صرف ایک سو روپے اضافہ ہوا,وفاقی وزیر صنعت وپیداوار

75

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت وپیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت نے 3سال کے دوران گندم کی قیمت میں 500 روپے اضافہ کیا جبکہ ن لیگ کے دور میں گندم کی قیمت میں صرف ایک سو روپے اضافہ ہوا، پیداوار بڑھانے کےلئے چھوٹے کسانوں کو نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اقتصادی جائزہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کےلئے کسان کے مفادات کا تحفظ کررہے ہیں ، کسان کو تحقیق شدہ بیج فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قرضوں سے کسان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار کےلئےپانی کی فراہمی کےلئے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کررہے ہیں ، رواں سال زراعت کے شعبہ میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کےلئے وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیراعظم نے زراعت سے متعلق کسانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو یقین دلایا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود کےلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت زراعت کےشعبہ کےلئے خصوصی ورکنگ گروپس بنائے ہیں اور ان کے تحت کافی پیشرفت ہوئی ہے۔