حکومت وبا کی دوسری لہر کا جائزہ لے رہی ہے ، تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا اوپن یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دوسرے تعلیمی اداروں کے لئے رول ماڈل قرار دیاہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بدھ کو سائنس بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دوسرے تعلیمی اداروں کے لئے رول ماڈل قرار دیاہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بدھ کو سائنس بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی کا چارج سنبھالا ہے یونیورسٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حصول سے جدیدیت کی طرف گامزن ہے وفاقی وزیرِ نے تمام تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور ریسرچ کلچر کو فروغ دیں۔ وفاقی وزیر نے کووڈ۔19 کی وبا کے تناظر میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت فی الحال وبا کی دوسری لہر کا جائزہ لے رہی ہے اور ابھی تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے بچوں کی صحت اور زندگی زیادہ عزیز ہے۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے اساتذہ اور سنیئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 216یونیورسٹیاں کام کررہی ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلٰی تعلیم کے یہ ادارے ملک کے مختلف مسائل پر تحقیق کر کے ان کے حل میں مددگار ثابت ہوں گی۔اس موقع پر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تقریباً 14لاکھ طلبااوپن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تما م یونیورسٹیوں میں اعلٰی تعلیم کے طلباء کی تعداد تقریباً 19لاکھ ہے جس میں سے چھ لاکھ طلبا اوپن یونیورسٹی کے مختلف مضامین میں بیچلرز، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخل ہیں۔

مزید خبریں