
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت‘ داخلہ و انسداد منشیات انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ مشرف دور میں مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ملک میں توانائی کا بحران پیدا ہوا‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وعدے کے مطابق ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے گی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ پیر کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام یہاں مقامی ہوٹل میں چھٹی انٹیک 2016ءکانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور کے آٹھ برسوں میں ایک بھی بجلی کا منصوبہ نہیں شروع کیا گیا۔ دیامر بھاشا ڈیم کا سنگ بنیاد تو رکھا گیا لیکن اس کے لئے زمین تک نہیں خریدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کے 46 ارب ڈالر میں سے 35 ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں کے لئے رکھے گئے ہیں۔ تھرکول کے کوئلہ کے ذخائر کو بجلی کی پیداوار کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ قائداعظم سولر پارک 300 میگاواٹ آئندہ چند دنوں میںپیدا کرنا شروع کر دے گا جبکہ اسے 900 میگاواٹ تک توسیع دی جائے گی۔