حکومت وکلا ءبرادری کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ

55

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہےکہ حکومت وکلاء برادری کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، بار اور بینچ کے درمیان بہترین تعلقات سے فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا عمل جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وکلا ء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ وکلا ءبرادری کا بھی نمائندہ ہوں، وکلا ء برادری کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکرگزار ہوں، وزیراعظم نے وکلاء کے لئے ہائوسنگ سوسائٹی کے منصوبہ کی تکمیل کے لئے احد چیمہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی، جس نے فوری طورپر اس منصوبے پر کام شروع کیا، منصوبے کی تکمیل میں سیاسی قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سوسائٹی کے فیز ون کے تمام درخواست گزاروں کو الاٹمنٹ لیٹر مل رہے ہیں، کوئٹہ، کراچی، ملتان، لاہور کے وکلا ءکو بھی الاٹمنٹ لیٹر ملیں گے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ 2012 میں اس منصوبے پر کام شروع کیا گیا، اس وقت راجہ پرویز اشرف وزیراعظم تھے، 2012 میں جب اس منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کے لئے رقم مختص کی گئی تو اس وقت مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، اب یہ منصوبہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، منصوبہ کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور سیاست میں بار کا اہم کردار ہے، بار اور بینچ انصاف کے دو اہم ستون ہیں، بار نے عدالتی نظام کی بہتری، شفافیت اور عدلیہ کی آزادی کے لئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، بار اور بینچ میں روایتی رشتہ برقرار رہنا چاہیے، سب کو مل کر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لئے وزارت قانون و انصاف ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، بار اور بینچ ایک پیج پر ہوں گے تو سائل کو تیزی سے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر قانون نے کہا کہ وکلاء برادری کے مطالبات کو تسلیم کیا گیا ہے اور ان کے مطالبے پر وکلا برادری کی امدادی گرانٹ کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، اسلام آباد میں وکلا ء کے لئے پانچ ایکڑ پلاٹ پر 100 کروڑ کی لاگت سے لائرز کمپلیکس پر جلد کام شروع ہوگا، لاہور میں وفاقی عدالتوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کے منصوبے پر آئندہ ماہ سے کام شروع ہو گا اور اس پر پونے پانچ ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے مسودے پر تمام بار کونسلز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا عمل جاری رہے گا۔