اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کرے گی، عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ بھی معیشت اور عوام کو منتقل کریں گے، اس حوالے سے آپشنز زیر غور ہیں ۔
پیر کو میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں میری ٹائم سیکٹر جمود کا شکار رہا اور آگے نہیں بڑھ سکا، اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس بنائی گئی تھی جس نے اپنی سفارشات پیش کردی ہیں جو حکومت کیلئے ممد و معاون ثابت ہوں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی ہے، کئی ماہ سے اس پر کام جاری تھا، حالیہ کمی زراعت ، صنعت ، تجارت ، برآمد کنندگان اور گھریلو صارفین سمیت سب کیلئے فائدہ مند ہے، آنے والے مہینوں میں اس حوالے سے مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے ، میکرو لیول پر معیشت مستحکم ہوگئی ہے ۔
ہماری مقامی صنعت بجلی کی قیمتوں میں کمی سے مقابلے کی پوزیشن میں آ جائے گی، ان کی پیداواری لاگت کم ہوگی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے، برآمدات بڑھیں گی ۔ حکومت دیگر شعبوں میں بھی اقدامات کر رہی ہے ، حالیہ دنوں میں تیل کی عالمی منڈی میں قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوئی ہیں ۔ اس کا دیرپا فائدہ اٹھانے کیلئے سوچ بچار اور ضروری اقدامات کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے کئی آپشنز زیر غور ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں بھی عوام کو اس کا فائدہ منتقل کیا، اب بھی معیشت اور عوام کے مفاد میں فیصلے کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579152