حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے، پاکستان ٹیکسٹائل کونسل

134

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے چیئرمین، فواد انور نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگ زیب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے پالیسی مداخلت کی اپیل کی ہے۔پیرکواپنے ایک مکتوب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے،ملکی برآمدات میں ٹیکسٹائل شعبہ کاحصہ تقریباً 60 فیصد ہے اوریہ شعبہ 15 ملین سے زائد افراد کو روزگار فراہم کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک متوازن پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے جو کلی معیشت کے استحکام کے اہداف کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل شعبے کو نقصان سے بچا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے مثبت اثرات کے باوجود ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے غیر پائیدار مالی چیلنجز پیدا ہوئے ہیں جس کے لیے فوری طور پر پالیسی کو دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔مکتوب میں کہاگیاہے توانائی کے اخراجات اور صنعتی بجلی کی ٹیرف سمیت ٹیکسٹائل شعبہ کوکئی مشکلات کاسامناہے، ویتنام، بنگلہ دیش، بھارت اور چین کے مقابلے میں توانائی کی قیمت زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کیپیٹل کی شرح 2 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 14 فیصد تک پہنچ گئی ہیں، حالیہ ٹیکس پالیسیوں، جن میں کم از کم ٹرن اوور ٹیکس اور سپر ٹیکس شامل ہیں، نے ٹیکس کی موثر شرح کو 50 فیصد سے زیادہ کر دیا ہے، جس سے اس کم مارجن والی اور زیادہ حجم والی صنعت کی منافع پذیری پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی سی نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل صنعت میں دوبارہ سرمایہ کاری اورشعبہ کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے شعبے کی پائیدار استحکام کے لیے سفارشات بھی پیش کیں اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایک متوازن اور تدریجی پالیسی اپروچ اختیار کرے ، یہ سفارشات عالمی مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز کی گئی ہیں تاکہ برآمدی شعبوں کی مسابقتی حیثیت برقرار رکھی جا سکے، سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کیا جا سکے اور پائیدار توانائی کی قیمتوں کے لیے عوامی بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنایا جا سکے۔ توانائی کے پروڈیوسرز کے ساتھ معاہدہ کر کے کیپسٹی چارجز کو کم کیا جائے، خاص طور پر درآمدی ایندھن پر مبنی پلانٹس کے لیے اورکیپٹو توانائی پر عائد ٹیکسوں کا جائزہ لیا جائے، ساتھ ہی صنعتی استعمال کے لیے گیس کی شرحوں کو خطے کے مقابلے میں مسابقتی بنایا جائے۔

چیئرمین پی ٹی سی نے ایک متوازن ٹیکس نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا، اپنے مکتوب میں انہوں نے ٹیکسٹائل کونسل کی جانب سے حکومت کے ساتھ مل کر ٹیکسٹائل صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔