اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت ٹی بی کی بیماری کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، حکومت ملک بھر میں ٹی بی کے رجسٹرڈ مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی بی کے خاتمے کیلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ٹی بی سے پاک کرنے موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے ٹی بی کی بیماری کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں ٹی بی کے رجسٹرڈ مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے ،ملک بھر سے ٹی بی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک بھر میں سترہ سو سے زائد علاج کے مراکز قائم ہیں جہاں پر ٹی بی کا مفت علاج ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ٹی بی کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ملک بھر میں ٹی بی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد تقریباً 3 لاکھ40 ہزار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ترین مشینیں تشخیص کیلئے موجود ہیں ،ٹی بی کی گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا سے وعدہ کر رکھا ہے کہ 2030 تک اس بیماری کا خاتمہ کرنا ہے۔