اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار اقتصادی ترقی اور برآمدات کے اہداف کو بروقت پورا کرنے کے لیے صنعتوں کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔ جمعرات کو یہاں صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ایک جامع توانائی پالیسی تیار کرنے اور بجلی و گیس کے انفراسٹرکچر اور اس کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صنعتوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت کو توانائی کے متبادل ذرائع میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ فوسل فیول پر انحصار کم کیا جا سکے۔ اس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع میں اضافہ اور معیشت مضبوط ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر برادری کو نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور ان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ملک کو معاشی دلدل سے نکال کر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں۔ بلاتعطل سپلائی کے مسئلے کو حل کرنے میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات سے معیشت پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔
شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ صنعتی شعبہ معاشی ترقی کو آگے بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جی ڈی پی میں اضافہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم مسلسل رکاوٹوں کے باعث یہ ملک بھر میں کاروبار کی نمو کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے جس سے شدید مالی نقصان کے علاوہ عالمی منڈی میں مسابقت میں بھی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔