حکومت پائیدار توانائی کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں،افتخار علی ملک

143
فتخار علی ملک

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے حکومت پر زور دیا ہے کہ توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش کے اقدامات کئے جائیں جو توانائی کو مزید پائیدار آپشنز کی طرف منتقل کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ متبادل ذرائع سے توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اتوار کو مسلم خان بونیری کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صنعتوں کو زیادہ لاگت کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ منافع کو برقرار رکھنے کے لیے، افرادی قوت میں کمی سمیت لاگت میں کمی کے اقدامات کا سہارا لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں ملازمتیں ختم ہوں گی اور بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگا۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت پر بجلی کے نرخوں میں اضافے کے ممکنہ منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے، حکومت کو توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے، قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے، ترسیل اور تقسیم کے نقصانات کو کم کرنے اور معاشرہ کے کمزور طبقوں کے تحفظ کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کے نفاذ پر توجہ دینے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اقتصادی سرگرمیوں کے لیے بجلی ایک اہم مداخل ہے اور اس کی قیمت میں کوئی بھی تبدیلی صنعتوں، کاروباروں، لوگوں اور مجموعی اقتصادی ترقی کو متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتیں بجلی پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہیں اور مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، اور کیمیکلز کے شعبہ کو بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے زیادہ پیداواری لاگت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے گھریلو اور بین الاقوامی دونوں منڈیوں میں مسابقت متاثر ہو سکتی ہے، جس سے صنعتی پیداوار میں کمی اور برآمدات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کا شعبہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ سے مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔