اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار معیشت کے قیام اور انٹرپرینیورز کو سازگار اور مسابقتی کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوانِ صنعت و تجارت لاہور کے صدر میاں طارق مصباح الرحمن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے صدر مملکت کو بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں سے کہیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت منصفانہ کاروباری ماحول اور پائیدار معیشت کی تشکیل کے لئے پرعزم ہے، حکومت کاروباری اور معاشرے کے کمزورطبقات کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا میں کاروباری اور معاشرے کے کمزور طبقات کو 1.2 کھرب کا تاریخی پیکیج فراہم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیوبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی کا ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا،
پاکستان کی برآمدات گزشتہ 10 ماہ میں 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس محصولات کے3.6 کھرب روپے کے ہدف سے 143 ارب روپے زائد وصولیاں ہوئیں، حکومت کی کاروباردوست پالیسی کے نتیجہ میں پاکستان کی کاروباری عالمی درجہ بندی 136 ویں پوزیشن سے 108 ویں پوزیشن تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں بالخصوص کورونا وائرس کی وبا کے دوران تاریخی ریلیف پیکیج فراہم کرنے کو سراہا۔