حکومت پالیسی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے پرعزم ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ و ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات میں گفتگو

156
Federal Finance Minister
Federal Finance Minister

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پالیسی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ و ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمدیحییٰ سے ملاقات میں کہی۔ محمد یحییٰ نے وزیر خزانہ کو اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی امداد کے منصوبوں پر کام کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے یونیس کیپ(یواین ای ایس سی اے پی) کی کامیابیوں اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں قرض کے استحکام کیلئے ادارے کے کام اوراقدامات سے بھی وزیر خزانہ کوآگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں تبدیلیاں پاکستان کے ساتھ ممکنہ تعاون کے لیے ایک اہم شعبہ ہے۔ وزیر خزانہ نے پالیسی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون قابل تعریف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موسمیاتی مالیات اور توانائی کے شعبہ میں تبدیلی ملک میں توانائی کے شعبے کی عملداری کو بہتر بنانے کے لیے ضروری شعبے ہیں اور اس سلسلے میں یونیس کیپ کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ فریقین نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچانے والے پائیدار حل پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔