حکومت پاکستان اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں،رانا مشہود احمد خان

101

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حالتِ زار پر دنیا کی خاموشی انسانیت کیلئے ایک المیہ ہے۔یومِ اظہارِ یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ ایک سال کے دوران 41 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ہے،معصوم بچوں اور عورتوں سمیت پناہ گزین کیمپوں کے مکینوں کو بھی موت کے گھاٹ اتارا گیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں اوراسکولوں کو تباہ کر دیا گیا،اسرائیل تاریخ کے بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور اپنی زمین کے تحفظ کیلئے لڑ رہے ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ جاندار انداز میں پیش کیا ہے، حکومت پاکستان اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس کا منصفانہ حل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا،دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کیلئے آگے بڑھیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں۔