اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):حکومت پاکستان اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی) کے درمیان 12 ملین یورو کے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ اس معاہدے کا مقصد پنجاب کے منتخب کردہ شہری علاقوں میں پانی اور صفائی کی خدمات کی فراہمی کو موثر بنانا ہے۔ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز، فرانسیسی سفیر نکولس گیلی اور اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر ونسنٹ تھیونو نے اس معاہدے پر دستخط کئے۔
یہ یورپی یونین کی گرانٹ ہے جو کہ اے ایف ڈی کے زیر انتظام فراہم کی جائے گی۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی جس میں یورپی یونین اور حکومت پنجاب کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔یہ منصوبہ لاہور اور فیصل آباد کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیز (واسا) کی گورننس، آپریشنل کارکردگی اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ تین اہم پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو کو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
صوبائی سطح پر یہ منصوبہ ہائوسنگ، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو موثر ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری اور اس کے نفاذ میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ افادیت کی سطح پر اس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجیز، سسٹمز اور کاروباری طریقہ کار متعارف کروائے جائیں تاکہ آپریشنز، سروس ڈیلیوری اور مالی استحکام کو بہتر بنایا جائے۔ مزید برآں یہ منصوبہ واسا کے اندر ڈیٹا پر مبنی اور شفاف فیصلہ سازی کو فعال کرنے کے لیے آلات کی خریداری اور ڈیجیٹائزیشن میں معاونت کرے گا۔
یہ منصوبہ شہری پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کے علاوہ یہ شہری ترقی کے مسائل سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے حکومتی عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔