فیصل آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایات پرفیسکوکی بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔فیسکو شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے "اے پی پی” کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر فیسکو کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ مزیدسخت کردیاگیا ہے۔فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں ٹاسک فورسز نے دوران چیکنگ مزید85بجلی چور وں کو دھر لیاجو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان بجلی چوروں کو2 لاکھ19ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مدمیں ایک کروڑ16لاکھ سے زائد کے جرمانوں کے بل جاری کئے گئے ہیں۔تمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ ترجمان فیسکونے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں اب تک 580بجلی چوروں کو15لاکھ63ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور6کروڑ77لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع جھنگ میں اب تک 150 بجلی چوروں کو5لاکھ86ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 2 کروڑ31لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیا۔
ضلع بھکر میں اب تک175بجلی چوروں کو4لاکھ سے56 ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس اور2 کروڑ92لاکھ روپے جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع چنیوٹ میں 183بجلی چوروں کو 5لاکھ49ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ95 لاکھ جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع خوشاب میں 48بجلی چوروں کو ایک لاکھ36ہزارڈی ٹیکشن یونٹس اور71لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع میانوالی میں 155بجلی چوروں کو3لاکھ26ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ49 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع سرگودھا میں 190بجلی چوروں کو4لاکھ63ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور2 کروڑ27لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیا۔
ضلع ٹوبہ میں 114بجلی چوروں کو3لاکھ27ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ44 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیا۔ طاہر محمود شیخ نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں فیسکو ریجن سے18روزمیں مجموعی طور پر1609بجلی چورپکڑے گئے ہیں جن کو44لاکھ94ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 19کروڑ52لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیا ہے۔
جبکہ اب تک295بجلی چوروں کو گرفتارکرلیاگیا ہے اور5کروڑ82لاکھ سے زائد کی ریکوری کرلی گئی ہے۔ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر1473بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس سٹیشنوں میں مقدمات کا اندراج بھی ہوچکا ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پرفیسکوکے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے بھی ریکوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
فیسکوریکوری ٹیمیں بلاامتیازریجن کے آٹھوں اضلاع میں صارفین سے واجبات کی وصولی میں مصروف عمل ہیں۔ رننگ ڈیفالٹرز سے اب تک 4 کروڑ82لاکھ سے زائد کی ریکوری کر لی گئی جبکہ فیسکوکے مستقل نادہندگان سے اب تک 14کروڑ13لاکھ سے زائدکے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔ان نادہندگان میں گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں۔ فیسکوکی ڈیفالٹرزکے خلاف خصوصی ریکوری مہم روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گی۔